عادی مجرمین کے خلاف کارروائی میں شدت ، سالے و بہنوائی پر پی ڈی ایکٹ
ملزمین پر کئی مقدمات ، ڈی سی پی ایل بی نگر تفسیر اقبال
حیدرآباد /9 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے عادی مجرمین کے خلاف کارروائی شدت پیدا کردی ہے اور آج سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں تین افراد میں بشمول سالے و بہنوائی کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی گئی ۔ عوام کی بھلائی امن و امان کو برقرار رکھنے اور غیر سماجی عناصر پر روک تھام کیلئے سائبرآباد پولیس کمشنر نے اس کارروائی کو ضروری قرار دیا ہے اور حکمنامہ جاری کردیا ۔ کمشنر پولیس کی خصوصی ہدایت پر ایل بی نگر کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس مسٹر تفسیر اقبال نے دو افراد کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی ۔ ڈی سی پی سی پی ایل بی نگر نے بتایا کہ صلالہ علاقہ کا ساکن 39 سالہ رشید اور بنگلور کا متوطن و حافظ بابا نگر کا ساکن 26 سالہ محمد فیروز کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی گئی ۔ یہ دونوں آپس میں رشتہ دار اور سالے و بہنوائی بتائے گئے ہیں ۔ رشید جو جیل میں قید ہے اس کے علاوہ فیروز جو رشید کا برادر نسبتی ہے ۔ اس کے خلاف کارروائی انجام دی گئی ۔ یہ دونوں علحدہ طور پر 20 مقدمات میں مبینہ طور پر ملوث اور ان کی سرگرمیوں سے ایل بی نگر ، سرور نگر ، چیتنیہ پوری علاقہ کی عوام تنگ آچکی تھی ۔ راہ چلتی خواتین کے گلوں سے طلائی زیورات کی رہزنی کرنے میں یہ لوگ ماہر ہیں ۔ پولیس نے ان دو افراد کے علاوہ 28 سالہ سید حمید عرف امید کے خلاف بھی پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا ۔ حمید جو جیل میں قید ہے ۔ دمائی گوڑہ شاہ میر پیٹ کا ساکن بتایا گیا ہے اور یہ نقب زنی اور سرقہ کی وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ۔ پولیس نے سائبرآباد میں ایسی مزید کارروائیوں کا غیر سماجی عناصر کو انتباہ دیا ہے ۔