جنگاؤں۔/29اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار کی مقبولیت کا پرچار چند میڈیا کے لوگوں کی دین ہے۔ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے یہاں پر ہندو ، مسلم سب ملکر ہیں اور آزادی سے اپنی زندگی گذارتے ہیں۔ مسلمانوں کوآج باشعور ہونے کی ضرور ہے اور غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ انتہائی دانشمندی اور سوچ سمجھ کر ووٹ استعمال کرنا آج مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ و آندھرا جناب حافظ پیر شبیر احمد ایم ایل سی نے جنگاوں پر جمعیتہ العلماء کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ جمعیتہ العلماء اپنی ایک شناخت بنائی ہوئی ہے کسی کے دباؤ میں آکر کام نہیں کرتی۔ ہندوستان کے مسلمانوں اور بالخصوص تلنگانہ کے مسلمانوں کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جمعیتہ العلماء کے ذمہ داروں نے اس الیکشن میں کانگریس پارٹی کی تائید کا اعلان کیا ہے اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ فرقہ پرست امیدواروں کو شکست دے کر کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ ہندوستان کے حالات بہت ہی نازک ہیں، فرقہ پرست ذہن کے لوگ ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانا چاہتے ہیں۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے کہا کہ مسلمان ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں ، یہ ہمارا بنیادی حق ہے، اس کو فروخت مت کریں۔ کسی بھی قائد قائد کو ووٹ دو تو اس کا گریباں پکڑ کر کام لو۔ ہندوستان میں مسلمان حکمرانوں نے کئی سالوں تک حکومت کی لیکن مسلمان آج ایس سی، ایس ٹی سے بھی پیچھے ہیں، یہ بات غور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملت کے اندر اتحاد ضروری ہے ہم سب ملکر متحد ہیں تو کیڈر خود ہمارے گھروں کے اطراف گھومتے ہیں۔ ایک دن مسلمانوںکیلئے ضرور آئے گا، ہم سب کو چاہیئے کہ سیکولر کردار کے قائدین کو ووٹ دیں۔ اس موقع پر جنگاؤں جمعیتہ العلماء صدر مولانا حافظ محمد عبدالحفیظ قاسمی، نائب صدر جمعیتہ العلماء جنگاؤں محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، مولانا عبدالرحمن سبیلی اور دوسرے موجود تھے۔