جگتیال میں ٹیلرنگ تربیتی کلاسس کا اختتامی پروگرام، جناب شعیب الحق کا خطاب
جگتیال /17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملت کی خواتین کو خود مکتفی بنانا جماعت اسلامی شعبہ خدمت خلق کا مقصد ہے۔ یتیم اور بیواؤں کو گھر بیٹھے روزگار حاصل کرنے کے لئے ٹیلرنگ کی تربیت دی جا رہی ہے۔ جگتیال میں چوتھے بیاچ کی تربیتی کلاسس کا اختتام عمل میں آیا۔ دس یتیم لڑکیوں اور بیواؤں میں مفت سلائی مشین کی تقسیم عمل میں آئی۔ تربیت یافتہ خواتین کو NACC اور MEPMA کے تحت سرٹیفکٹس کی فراہمی کے لئے اقدامات کا چیرمین بلدیہ محترمہ وجیہ لکشمی نے تیقن دیا۔ جماعت اسلامی کے دفتر میں کل بعد نماز عصر تقسیم سلائی مشین پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر امیر مقامی جماعت اسلامی شعیب الحق طالب نے مخاطب کرتے ہوئے تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ جگتیال میں غریب و نادار لڑکیوں اور بیواؤں کو خودمکتفی بنانے کے لئے ٹیلرنگ ٹریننگ کا آغاز کیا گیا اور اب چوتھے بیاچ کا اختتام عمل میں آیا۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 200 خواتین و لڑکیوں نے اس سے استفادہ کیا، جن میں سے دس یتیم اور بیواؤں کا انتخاب کرتے ہوئے دس مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے۔ یہ سب کچھ جماعت اسلامی شعبہ خدمت خلق کے تحت انجام دے رہی ہے۔ شہر میں ہر سال عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی اور ماہ رمضان میں زکوۃ، صدقات اور فطرہ وغیرہ کی رقم جمع کرکے غریبوں کی امداد کی جاتی ہے۔ اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ جگتیال جناب ریاض خان نے جماعت اسلامی کی کار کردگی، خواتین کو ٹیلرنگ کے کاموں سے آراستہ کرنے اور مفت سلائی مشین کی تقسیم کی ستائش کی۔ انھوں نے اس سلسلے میں عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مدثر ماہر چشم نے مخاطب کرتے ہوئے جماعت اسلامی شعبہ خدمت خلق کی جانب سے خواتین کو خود مکتفی بنانے کے لئے سلائی کی تربیت فراہم کرنے کی ستائش کی۔ انھوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے غریب بینائی سے محروم افراد کے موتیا بند کا مفت آپریشن کا تیقن دیا اور ضرورت مند افراد کو جماعت اسلامی کے صدر سے ربط پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ جلسہ کی کارروائی محمد سعید الدین نے چلائی۔ اس موقع پر مسرز محمد منیر الدین، محمد یعقوب علی، عبد القادر صدر مائناریٹی سیل ٹی آر ایس، محمد عبد الجلیل، محمد سراج احمد، بسم اللہ خان صدر جامع مسجد اور دیگر بھی موجود تھے۔