بھینسہ میں ایس ایس سی کوئچین بنک کی تقسیم ، صدر مدرس سید ظفر محی الدین اور دیگر کا خطاب
بھینسہ /3 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملت کے نونہالوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے اور روشن مستقبل کی راہ پر گامزن کرانے کیلئے مدیر اعلی سیاست الحاج زاہد علی خان ہمیشہ فکر مند رہے ہیں ۔ جس کی مثال ہر سال دسویں جماعت کے طلباء کو امتحان میں آسانی اور اعلی نشانات حاصل کرنے کیلئے ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی شائع کردہ کوئسچین بنک ہے ۔ جس کو تلنگانہ کے ہر مسلم طلباء تک مفت فراہم کی جاتی ہے ۔ جس سے استفادہ کرتے ہوئے کئی طلباء نے دسویں جماعت کے امتحانات میں اعلی نشانات حاصل کئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار بھینسہ گورنمنٹ ہائی اسکول کے انچارج صدر مدس سید ظفر محی الدین اور اسلامیہ اردو ہائی ماڈل ا سکول کے کرسپانڈنٹ الیاس احمد راحل نے دسویں جماعت کے طلباء میں ادارے سیاست کی جانب سے شائع کردہ کوئسچین بنک کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے ادارہ سیاست کی عظیم کارکردگیوں بالخصوص تعلیمی سرگرمیوں کو بہت سراہا اور مدیر اعلی سیاست الحاج زاہد علی خان کے جذبہ خدمت خلق کی ستائش کی ۔ اس موقع پر بھینسہ نمائندہ سیاست اظہر احمد خان نے اپنے خطاب میں ادارہ سیاست کی کارکردگیوں سے متعلق کہا کہ مدیر اعلی سیاست زاہد علی خان کی دوربین نگاہوں نے اس مسابقتی دور کی تعلیمی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے ملت کے نونہالوں کو تعلیمی شعبہ میں مدد کیلئے اور مسابقتی دور میں دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملاکر چلنے کے قابل بنانے کی غرض سے عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ادارہ سیاست پر ماہر اساتذہ کی نگرانی میں اعلی تربیت کلاسیس اور سمینار منعقد کئے جاتے ہیں ۔ جس سے ملک کے دیگر ریاستوں کے نوجوان طلباء استفادہ کرتے ہوئے مسابقتی امتحانات سے کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہو رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں ادارہ سیاست کی جانب سے قوم کے نونہالوں کو انگریزی زبان میں مہارت حاصل کروانے کیلئے ادارہ سیاست کی جانب سے مفت تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ الحاج زاہد علی خان صاحب کی امداد ، نمائندگی اور کاوشوں کی وجہ سے کئی طلباء اعلی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے اعلی عہدوں پر فائز ہیں اور الحاج زاہد علی خان صاحب نے ملت کی فلاح و بہبود اور خدمت کیلئے کئی کارنامے انجام دے چکے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ان کی شخصیت انسانیت کیلئے ہمدردی ، نمائندگی اور رہبری کیلئے ملک بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے ۔ اس موقع پر محمد افضل خان ( افسر ) قمر اللہ خان اور عبدالروف اسکول اسسٹنٹس اور عبدالکریم کے علاوہ طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔