ملبوسات شوروم کے ملازم کا ساتھی ملازمین پر چاقو سے حملہ

حیدرآباد 28 اگسٹ (سیاست نیوز) فتح میدان کے قریب واقع ملبوسات کے ایک شوروم میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب وہاں کے ایک سابق ملازم نے ساتھی ملازمین پر چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ 26 سالہ بھاگیہ راج ساکن فلک نما سابق میں شوروم ’ویسٹ سائیڈ‘ میں ملازم تھا، اور وہ شوروم کی رقومات بینک میں جمع کیا کرتا تھا۔ وہ 7 سال یہاں ملازم رہا لیکن حالیہ دنوں رقمی غبن کے نتیجہ میں اُسے نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔ بھاگیہ راج آج دوپہر شوروم پہونچ کر وہاں کے کیاشیر رام کمار پر اچانک چاقو سے حملہ کردیا اس دوران بیچ بچاؤ کرنے والا ہاؤز کیپنگ سوپر وائزر چندرشیکھر بھی زخمی ہوگیا۔ ویسٹ سائیڈ کے دیگر ملازمین کے بھاگیہ راج کو پکڑ کر عابڈس پولیس کے حوالہ کردیا۔ زخمیوں کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ سب انسپکٹر عابڈس مسٹر اودے نے بتایا کہ حملہ آور کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 307 (اقدام قتل) کے تحت مقدمہ درج کرکے اُسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا۔