ملاوٹ شدہ سیندھی نہ ملنے پر جنونی حرکات

کلوروفام شدہ سیندھی اچانک چھوٹنے سے امراض لاحق ہوتے ہیں۔ ڈاکٹرس

نارائن پیٹ۔/23ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کی جانب سے ملاوٹی سیندھی کی تیاری اور فروخت پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد سے نارائن پیٹ ڈیویژن کے مواضعات میں سیندھی کے عادی افراد ملاوٹ شدہ سیندھی نہ ملنے سے دلبرداشتہ ہوکر عجیب و غریب حرکات و سکنات کرنے کی اطلاعات ہیں۔ نارائن پیٹ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں دیندھی نہ ملنے سے متاثرہ افراد جن میں بعض افراد کو مرگی کے دورے بھی پڑنے کی شکایات وصول ہورہی ہیں، شریک ہورہے ہیں۔ اوٹکور سے تعلق رکھنے والا 53سالہ کرشنیا جو ملاوٹ شدہ سیندھی کا عادی تھا اچانک دورہ پڑنے سے نارائن پیٹ ایریا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔ موضع انپور (کرناٹک ) کی ایک 70سالہ خاتون بالماں کو ملاوٹی سیندھی نہ ملنے سے عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگی جس کو گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل نارائن پیٹ منتقل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگئی۔ مستقر کے ویرنا، آشماں، وینکٹماں نامی مرد و خواتین کے علاوہ موضع پیراملہ، کاشی نارائنا، کندن پلی کی نرسماں، نیڈجنتا موضع کی کشٹماں سیندھی نہ ملنے سے جنونی حرکات کررہے تھے جنہیں ایریا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ شدہ سیندھی میں کلوروفارم دوا کی زیادہ مقدار میں ملاوٹ سے اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ ملاوٹی سیندھی کے اچانک چھوڑ دینے والے افراد کو اعصابی کمزوری، جوڑوں میں درد، چکر، دماغی تناؤ، یہاں تک کہ مرگی کے دورے بھی پڑتے ہیں۔ ملاوٹی سیندھی کے عادی افراد کو روزانہ سیندھی کی مقدار کم کرتے ہوئے بند کرنا چاہیئے اچانک چھوڑدینے سے اس طرح کے دورے پڑتے ہیں اور اموات بھی واقع ہوتی ہیں۔