حیدرآباد۔21اپریل(سیاست نیوز)محکمہ مال کے وی آراوز اور دیگر عہدیداروں نے اپنی دو یوم کی تنخواہ مشن کاکتیہ کو بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا۔ نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست وریاستی وزیر مال جناب الحاج محمد محمود علی سے ملاقات کے دوران محکمہ مال کے عہدیداروں نے اس بات کا اعلان کیا اور نائب وزیر اعلی جناب محمد محمود علی کو اس ضمن میں ایک تحریری درخواست بھی پیش۔جناب محمد محمو دعلی نے ریونیوعہدیداروں کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ مشن کاکتیہ اور سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے سرکاری ملازمین کا یہ اقدام لائق ستائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ ریاست کے تمام آبی ذخائرکو زندہ کرنے کاکام کررہی ہے جسکو ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے تباہی کے دہانے پر پہنچنے کاکام کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ میں تالاب ‘ جھیل اور کنٹے ناصرف تلنگانہ کے آبی ذخائر میںشامل تھے بلکہ مذکورہ علاقوں کے اطراف واکناف کھیتی باڑی کاکام بھی آسانی کے ساتھ کیا جاتاتھا جس سے ریاست کی آمدنی میں اضافہ اورعوام کو روزگار کی سہولت بھی تھی ۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کا مشن کاکتیہ اور واٹر گریڈ پراجکٹ ریاست کی بے مثال ترقی کی ضمانت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مشن کاکتیہ کی کامیابی سے ریاست کے آبی ذخائر کا احیاء عمل میں ائے گااور ریاست پورے ملک کے لئے تلنگانہ ریاست زراعی انقلاب کی علمبردار ریاست بنے گا۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے تعاون سے ہی ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سرکاری ملازمین ہی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو روبعمل لانے اور فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کے لئے عوام اور حکومت کے درمیان میں رابطے کی کڑی ہیں۔