ٹی ایس میسا کیلنڈر کی رسم اجرائی تقریب سے ضلع کلکٹر نلگنڈہ کا خطاب
نلگنڈہ /3 جنوری (ای میل) ڈاکٹر اے اے خان ریاستی نائب صدر و ضلعی صدر تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی امپلائز سروس اسوسی ایشن نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ ہر سال کی اس سال بھی ٹی ایس میسا کی جانب سے طبع کردہ 2016ء کے کیلنڈر کی رسم اجراء مسٹر پی ستیہ نارائن ریڈی آئی اے ایس کلکٹر و ضلع مجسٹریٹ نلگنڈہ نے انجام دی۔ انھوں نے کہا کہ ٹی ایس میسا نلگنڈہ کی جانب سے شائع کردہ کیلنڈر بہت ہی خوبصورت اور معلوماتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو اپنی خدمات ذمہ داری، فرض شناسی اور دلچسپی سے انجام دینا چاہئے۔ جی روی ڈی آر او مہمان اعزازی نے کیلنڈر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں مسلم حکمرانوں کے علاوہ صنعتیں، کارخانے، بس، ریل اور ہمہ جہتی کارپوریشنس کو متعارف کروانا بے مثال ہے۔ ای وینکنا چاری آر ڈی او نلگنڈہ نے کہا کہ ٹی ایس میسا کی جانب سے تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کی تاریخ کو سال نو کے کیلنڈر میں ایک جگہ جمع کرنے پر تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی امپلائز سروس اسوسی ایشن کے تمام عہدہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر اے اے خان نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی امپلائز سروس اسوسی ایشن کی جانب سے آدتیہ ادے سنکشیما بھون دفتر کلکٹریٹ میں جناب محمد عبد العزیز تحصیلدار شالیگورام منڈل نلگنڈہ کے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی پر ایک وداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں گادری کشور رکن اسمبلی تنگا ترتی کے علاوہ نلگنڈہ کے کئی تحصیلدار، محکمہ مال کے ملازمین، سیاسی و سماجی قائدین اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے گلپوشی و شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت و مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب کو کامیاب بنانے میں ٹی ایس میسا کے عہدہ داروں ایم اے علیم، ایم اے باسط، محمد مسیح الدین، ایم اے قیوم، نعمت اللہ بیابانی، محمد محمود علی، اسد اللہ خان، پرویز وسیم، ایم اے پرویز، محمد اسحاق، جنید ہاشمی، علی پاشاہ، محمد جہانگیر، محمد افروز اور ایم اے شاکر نے اہم رول ادا کیا۔ اس موقع پر سرکاری ملازمین سے اپیل کی گئی کہ اگر وہ اپنے دفاتر میں ملازمت کے دوران کسی بھی قسم کے مسائل سے دو چار ہوں تو ٹی ایس میسا کے عہدہ داروں کے علم میں لائیں، تاکہ اس کی یکسوئی کے لئے رہنمائی اور نمائندگی کی جائے۔