ڈھاکہ۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی پولیس نے کمسن ملازمہ پر تشدد کے الزام میں انٹرنیشنل کرکٹر شہادت حسین کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے تاہم کرکٹر ابھی تک مفرور ہیں۔ 29 سالہ فاسٹ بولر کو اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب پولیس نے دارالحکومت ڈھاکہ کی گلی سے ایک 11 سالہ بچی کو زخمی حالت میں روتے ہوئے دیکھا تھا جو شہادت حسین کے گھر ملازمہ تھی۔ خادمہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ کرکٹر شہادت حسین کے گھر کام کرتی تھیں اور کرکٹر اور ان کی اہلیہ نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ خادمہ کی آنکھوں اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے تھے۔ شہادت اور ان کی بیوی نریتو شہادت کیخلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تھا جس کے بعد سے دونوں فرار تھے تاہم پولیس انسپکٹر شفیق الرحمن نے میڈیا کو بتایا کہ نریتو کو ان کے والدین کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے گھر پر چھاپہ مارا کیونکہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ دونوں مفرور ملزمین یہاں چھپے ہوئے ہیں۔