ملازمت کی بحالی کیلئے تیج بہادر عدالت سے رجوع

چنڈی گڑھ۔31جنوری(سیاست ڈاٹ کام)سرحدی سلامتی فورس(بی ایس ایف )میں جوانوں کے کھانے کے معیار کے بارے میں سوشل میڈیاپر ویڈیوپوسٹ کرکے گزشتہ جنوری 2017میں سرخیوں میں آنے والے سابق جوان تیج بہادر نے ملازمت واپس پانے کے لئے اب پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ہائی کورٹ کے جج پی بی بجنتھری نے تیج بہادر کی عرضی پر گزشتہ منگل کو مرکزی حکومت ،بی ایس ایف اور متعلقہ فریقوں کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کیا ہے ۔تیج بہادر کو اسکا یہ ویڈیووائرل ہونے کے بعد ملازمت سے برخاست کردیاگیا تھا۔عدالت میں داخل کی گئی عرضی میں سابق جوان نے کہا کہ اس نے تو اپنے ساتھیوں کیلئے اچھے اور مناسب کھانے کی درخواست کی تھی لیکن اسکی روزی روٹی ہی چھین لی گئی ۔عرضی میں اس نے یہ بھی دلیل دی ہے کہ اس نے کھانے کے معیار کے بارے میں افسران کو باخبر کرانے کے لئے ویڈیوبنایاتھا لیکن اسے نہیں معلوم کہ اس کے ساتھیوں نے کیسے اسے فیس بک پر ڈال دیا۔تیج بہادر نے عرضی میں کہاکہ ملازمت سے برطرفی سے قبل اسے اپنی بات کہنے کا موقع نہیں دیا گیا۔