ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے تین دھوکے باز گرفتار

حیدرآباد۔ /26 جون (سیاست نیوز) بے روزگار نوجوانوں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے تین دھوکے بازوں کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ذرائع کے بموجب 37 سالہ کے چندر شیکھر ساکن آلوین کالونی کوکٹ پلی نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے کال سنٹرس قائم کئے تھے لیکن اس کاروبار میں بھاری نقصان ہونے کے سبب اس نے بے روزگار نوجوانوں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دینے کا منصوبہ تیار کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ چندر شیکھر نے جے این ٹی یو کوکٹ پلی علاقے میں سافٹ کوانیکس ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام پر ایک کنسلٹنسی قائم کی اور یہاں اس نے 12 افراد کو ملازمت پر رکھا ۔ بے روزگار نوجوان کو ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دینے اس نے اپنے دوست پی کارتیک جو کمیونیکیشن اسکلس میں ماہر ہے کی مدد سے نوجوانوں کے انٹرویو کرنا شروع کیا اور کئی نوجوانوں کو ٹریننگ کے بہانے 3 تا 4 ماہ اپنی کنسلٹنسی میں خدمات حاصل کئے ۔ ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر چندر شیکھر 50 نوجوانوں سے 60 لاکھ روپئے حاصل کئے اور اس کاروبار میں چندر شیکھر کا ساتھی جی لکشمن راؤ بھی نوجوانوں کو راغب کرنے اور اس کنسلٹنسی میں لانے فی امیدوار 30 ہزار روپئے بطور کمیشن حاصل کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ چندر شیکھر اور کارتیک اسی قسم کی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے پر پولیس مادھاپور اور کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس نے سال 2015 اور سال 2017 ء میں مقدمات درج کئے تھے ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے فرضی آفر لیٹرس ، ربر اسٹامپس ، ملازمین کے معاہدے اور دیگر دستاویزات کے ساتھ کوکٹ پلی پولیس کے حوالے کردیا ۔