ملازمت کا جھانسہ دے کر رقم ہڑپنے والی ٹولی گرفتار

عادل آباد ڈی ایس پی نرسمہا ریڈی کی پریس کانفرنس

عادل آباد /15 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) متحدہ ضلع عادل آباد کے علاوہ نظام آباد اور کھمم میں تقریباً 500 افراد کو محکمہ پوسٹ میں ملازمتیں فراہم کرنے کا جھانسہ دیکر تقریباً پانچ کروڑ روپئے حاصل کرنے والے 8 افراد اور ان کے سربراہ این کلیان کمار جو ضلع نظام آباد کا متوطن بتایا گیا ہے اور حیدرآباد میں فورسیکور کمپنی ( جو قرض کمپنی تصور کی جاتی ہے ) کے چیرمین کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا ۔ یہ بات عادل آباد ڈی ایس پی مسٹر اے نرسمہا ریڈی نے میڈیا سے مخاطب ہوکر بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دھوکہ دہی کے کاروبار سے وابستہ چند افراد کو مستقر عادل آباد کے موقع Tantoli کے ایک فنکشن ہال سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر موجودہ فرضی محکمہ پوسٹ کے تقرر نامہ لیاپ ٹیاپ و دیگر اشیاء کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا جس کے بعد اس دھوکہ دہی کے کاروبار کی حقیقت تک پہونچنے کیلئے ضلع ایس پی کی ہدایت پر پولیس نے اپنا تحقیقاتی کام جاری رکھا تھا ۔ ڈی ایس پی نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ اس طرح کے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں جو ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر معصوم افراد سے لاکھوں روپئے حاصل کیا کرتے ہیں ۔ اس موقع پر مسٹر پی راجو ، مسٹر ہری بابو پولیس عہدیدار بھی موجود تھے ۔