ملازمت کا جھانسہ دینے والا دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد /20 نومبر ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت کا جھانسہ دیکر دھوکہ دینے والے شخص کے خلاف سخت کارروائی انجام دی ۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے آج 40 سالہ ایم منی کنندن عرف منی کنٹھن ساکن نریڈ یٹ کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا یہ دھوکہ باز جو فی الحال جیل میں قید ہے ۔ اس نے نوجوانوں کو بیرون ممالک بہترین روزگار کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپ لئے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ منی کندن حیدرآباد کا ساکن ہے جو اپنی ماسٹرس ڈگری کی تکمیل کے بعد ایک آٹو موبائیل کمپنی میں کام کر رہا تھا ۔ آسان انداز میں پیسہ کمانے کیلئے اس نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینا شروع کردیا ۔ سال 2014 میں جیل سے رہائی کے بعد اس نے اس کی بہن اور بہنوائی کے ہمراہ منصوبہ تیار کیا اور دوبارہ دھوکہ دہی شروع کردی یہ شخص کل 8 دھوکہ دہی کے معاملات میں ملوث ہے ۔ جس کے خلاف پولیس کمشنر نے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔