ایک ملازمت پیشہ ماں کی کامیابی کا راز اس بات میں پوشیدہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے گھر اور دفتر سے کتنا انصاف کرتی ہے۔ اس سودے میں بعض ملازمت پیشہ ماؤں کو اس بات کا بھی احساس ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مناسب وقت نہیں دے پاتیں۔
یہ سب ایک ماں پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ کس طرح گھر اور دفتر میں توازن رکھتی ہے۔ جب ایک ملازمت پیشہ ماں دفتر سے گھر آکر بھی ذہنی طور پر آفس میں ہی ہوتی ہے تو بچے اس کی بھرپور توجہ اور محبت حاصل نہیں کرپاتے جس کے وہ اصل حقدار ہوتے ہیں۔ اور پھر آفس میں کام کے دوران ان کا سارا دھیان بچوں کی جانب لگا رہتا ہے۔بعض مائیں گھر میں داخل ہوتے ہی گھریلو کام کاج نمٹانے لگتی ہیں۔ ایسی ماؤں کو چاہئے کہ گھر میں آنے کے فوراً بعد کام میں جٹ جانے اور بچوں کو ڈانٹ ڈپٹ کرنے کے بجائے کچھ وقت ان کے ساتھ گزاریں کیونکہ ماں کا گھر آنا بچوں کیلئے باعث مسرت ہوتا ہے۔ملازمت پیشہ ماں کیلئے ٹائم مینجمنٹ یعنی وقت کی مناسب منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے۔ اگر مائیں ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی بہترین تربیت کرنا چاہتی ہیں تو اپنے وقت کی مناسب منصوبہ بندی کریں اور ایک نظام الاوقات ترتیب دے لیں ۔