خواتین اگر تعلیم یافتہ ہوں اور ملازمت کرنا چاہتی ہوں تو انہیں ضرور ملازمت کرنی چاہئے، مگر ایک حد میں رہتے ہوئے۔ خواتین کیلئے گھر پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔ آج کل ہر شعبے میں مرد اور خواتین ساتھ ساتھ ملازمت کرتے ہیں، ایسے میں خواتین کو محتاط طرز عمل اپنا چاہئے تاکہ ان کیلئے مسائل پیدا نہ ہوں۔
اس حوالے سے چند مفید مشورے پیش ہیں:
٭ ملازمت کیلئے جاتے وقت بھڑکیلے اور شوخ رنگوں کے بجائے سادہ اور ہلکے رنگ کے لباس کا انتخاب کریں۔
٭ ہلکی جیولری کا انتخاب کریں، ہاتھ بھر بھر کر چوڑیاں اور پازیب وغیرہ پہننے سے اجتناب کریں، اس سے نہ شور ہوگا اور نہ دیکھنے والے متوجہ ہوں گے۔
٭ ہاتھ میں گھڑی ضرور باندھیں تاکہ وقت گزرنے کا احساس رہے۔
٭ زیادہ اونچی ہیل کی سینڈل نہ پہنیں، اس سے پیروں میں درد ہوتا ہے اور جلد تھکن محسوس ہوتی ہے۔
٭ کوشش کریں کہ سر ڈھانپیں، اس سے خواتین کا وقار بلند ہوتا ہے۔
٭ آپ کا اندازِ گفتگو بارعب ہونا چاہئے، نہ تو حد سے زیادہ نرمی ہو، اور نہ ہی حد سے زیادہ تلخی ہو۔
٭ قہقہے لگانے سے گریز کریں۔
٭ کسی کی بُرائی، چغلی نہ کریں کیونکہ بُرائی اور چغل خوری کرنے والے کا اپنا تاثر دوسروں پر بُرا ہی پڑتا ہے۔
٭ لفظوں کو تول کر بات کریں، بلاضرورت بولنے سے پرہیز کریں۔