ملازمت فراہم کرنے کے بہانے خواتین و لڑکیوں کا جنسی استحصال

ایم آئی کمیونیکیشن کا ادارہ چلانے والا شخص گرفتار
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو ملازمت فراہم کرنے کے بہانے خواتین اور لڑکیوں کا جنسی استحصال کررہا تھا۔ پولیس کے بموجب 35 سالہ شیخ مستان ولی نے ایم آئی کمیونیکیشنس کے نام پر ایک ادارہ بیگم پیٹ علاقہ میں قائم کیا اور آئیڈیا پوسٹ پیڈ کنکشنس کیلئے خواتین اور لڑکیوں کو بحیثیت ٹیلی کالرس تقرر کرنے کا اعلان کیا۔ مذکورہ دھوکہ باز نے اپنے ساتھیوں نونیتا، سنتوشی اور روی کی مدد سے بے روزگار لڑکیوں سے رقومات حاصل کرلئے اور انہیں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دیا۔ شیخ مستان ولی نے بے روزگار لڑکیوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا جنسی استحصال کیا اور بعض خواتین کے قابل اعتراض ویڈیوز بھی بنائے۔ پولیس نے گرفتار دھوکہ باز کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔

بینک میں لاکھوں کی دھوکہ دہی ، پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) اسٹیٹ بینک آف انڈیا اعظم پورہ برانچ کے چیف منیجر مسٹر محمد عیسیٰ شریف نے پولیس چادرگھاٹ میں ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں 55 لاکھ سے زائد کی دھوکہ دہی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ منیجر نے اپنی شکایت میں بتایا کہ چندا نگر سے تعلق رکھنے والے سشانک نے 13 لاکھ، اوپل کے نریندر ریڈی نے6.50 لاکھ، ونستھلی پورم کے رام بابو نے 6.8 لاکھ، شیخ حسینہ بیگم نے 9 لاکھ اور کتہ پیٹ کے نریش کمار نے 7.10 لاکھ اور رادھیکا نے 13.25 لاکھ کی رقم کار لونس کیلئے حاصل کی لیکن مذکورہ افراد نے قرض کیلئے فرضی دستاویزات داخل کی ہیں۔ پولیس چادر گھاٹ نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔