ملائیشیا کیخلاف آج مقابلہ ، ہندوستانی ٹیم سیریز میں کامیابی کیلئے پرعزم

کوالالمپور۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حالیہ دنوں میں شاندار مظاہروں کی وجہ سے بلند حوصلوں والی ہندوستانی ٹیم ملائیشیا کے خلاف پانچ مقابلوں کی سیریز میں کامیابی کے لئے پرعزم ہے اور سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا ۔ ملائیشیا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم نے حالیہ دنوں میں کئی ایک شاندار مظاہرے کئے ہیں جس میں اسپین کا کامیاب دورہ بھی شامل ہے۔ رواں براس کے اوائل ہندوستانی ٹیم نے اسپین کو شکست دینے کے علاوہ 2018 ء ورلڈ کپ میں بھی برونز میڈل کے مقابلے میں اس نے میزبان ٹیم کو 5-2 سے شکست دی ۔ اس کے علاوہ دو مقابلوں میں اس نے ملائیشیا کو 1-1 اور 2-2 کے اسکور سے کامیابی بھی حاصل نہیں کرنے دی ۔ صرف ایک مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو 2-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت گول کیپر سویتا کی قیادت میں ملائیشیا کا دورہ کررہی ہے ملائیشیا کے خلاف فتوحات کے علاوہ ہندوستانی ٹیم نے حالیہ برسوں میں دیگر کئی اور مقابلوں میں بھی اپنے مظاہروں میں کافی بہتری دکھائی ہے ۔جیسا کہ اُس نے گزشتہ ورلڈ کپ میں فائنل تک رسائی حاصل کی ، تاہم خطابی مقابلے میں شکست کی وجہ سے اسے ٹروفی سے محروم ہونا پڑا ۔ علاوہ ازیں آئرلینڈ کے خلاف اس نے مقابلہ 1-1 سے برابر کیاہے حالانکہ اس سے قبل کھیلے گئے مقابلے میں اسے 3-0 کی کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے ۔ ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم کی کوچ جوریٹ مرجینی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہروقت مظاہروں میں بلندی کو چھونا آسان نہیں ہوتا اور ایک مرتبہ سرفہرست مقام پر پہونچنے کے بعد اُسے برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن ٹیم ڈسپلین کے تمام تقاضوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے فتوحات حاصل کررہی ہے اور اُمید ہیکہ ملائیشیا کے خلاف پانچ مقابلوں کی سیریز میں بھی قومی ٹیم ایسے ہی مظاہرے کرے گی ۔ آخری مرتبہ جب ہندوستان نے ملائیشیا کا سامنا کیا تو وہ 2017 ء ایشیاء کپ کا مقابلہ تھا جہاں اس نے 2-0 گول کی کامیابی حاصل کی تھی ۔ راؤنڈ رابن مرحلے میں ہندوستانی ٹیم نے کامیابی تو حاصل کی لیکن خطابی مقابلے میں اس نے چین کو شکست دی ۔