ملائم سنگھ کی ایک اور بہو سیاست میں!

لکھنو۔27مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی دوسری بہو اپرنا یادو سیاست میں داخل ہوگئی ہیں اور وہ پارٹی کی لکھنو اسمبلی نشست کیلئے آئندہ سال امیدوار ہوں گی۔ 26سالہ اپرنا 2017ء کے اسمبلی انتخابات میں لکھنو کنٹونمنٹ اسمبلی نشست سے مقابلہ کریں گی ۔ سینئر وزیر ملائم سنگھ یادو کے بھائی شیوپال سنگھ یادو نے آج اس کا انکشاف کیا ۔ فی الحال اس نشست کی نمائندگی کانگریس قائد ریتا بہوگنا جوشی کرتی ہیں ۔اپرنا ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بیٹے پرتیک یادو کی شریک حیات ہیں ۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ‘ ان کی بڑی بہو ڈمپل یادو ‘ ان کے بھتیجے دھرمیندر یادو ‘ اکشئے پرتاپ اور تیج پرتاپ لوک سبھا ارکان ہیں ۔