لکھنو ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی نے آج ان تمام قیاس آرائیوں کا یہ وضاحت کر کے خاتمہ کردیا کہ پارٹی کے پاس اعظم گڑھ نشست کیلئے پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو انتخابی میدان میں اتارنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ کابینی وزیر اور ملائم سنگھ کے بھائی شیوپال یادو نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیتا جی (ملائم ) کو اعظم گڑھ نشست کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ میڈیا کے ایک سیکشن میں یہ خبریں گشت کر رہی تھیں کہ ملائم سنگھ جو مین پوری لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، اعظم گڑھ حلقہ سے بھی اپنی قسمت آزمائیں گے کیونکہ وہاں یادو اور مسلمانوں کی اکثریت ہے ۔ پارٹی نے حالانکہ اعظم گڑھ حلقہ کیلئے کابینی وزیر بلرام یادو کو ٹکٹ دیا ہے لیکن مقامی ایس پی ورکرس کا مطالبہ ہے کہ اس نشست کیلئے ملائم سنگھ کو ٹکٹ دیا جائے۔