ملائم سنگھ ‘ عوامی وعدوں پر وضاحت کریں : بی جے پی

لکھنو 21 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ اتر پردیش میں کرپشن عروج پر ہے بی جے پی نے آج سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے کہا کہ وہ یو پی میں اکھیلیش حکومت کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کو واضح کریں۔ اس حکومت نے اپنی معیاد کے ساڑھے تین سال پورے کرلئے ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے کہا کہ سماجوادی پارٹی سربراہ عوامی پلیٹ فارمس سے یہ ادعا کر رہے ہیں کہ ان کی پارٹی نے عوام سے جو انتخابی وعدے کئے تھے انہیں پورا کردیا گیا ہے ۔ انہیں یہ واضح کرنا چاہئے کہ کون سے وعدے پورے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی نے کنیا ودیا دھن ‘ بیروزگاری الاؤنس ‘ کرپشن مقدمات کی تحقیقات پر کمیشن کا وعدہ کیا تھا ۔ ان وعدوں کی تکمیل نہیں ہوئی ہے ۔ سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو چاہئے کہ وہ اس تعلق سے وضاحت کریں۔