لکھنو 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر ملائم سنگھ یادو اپنے موجودہ حلقہ مین پوری کے علاوہ حلقہ لوک سبھا اعظم گڑھ سے بھی مقابلہ کریں گے۔ فی الحال پارلیمنٹ وہ حلقہ مین پوری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایس پی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے آج یہاں کہاکہ ’’پارٹی قائدین اور ورکروں کے بے حد اصرار پر ایس پی کے سربراہ دو حلقوں اعظم گڑھ اور مین پوری سے مقابلہ کریں گے‘‘۔ سماج وادی پارٹی نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ حلقہ اعظم گڑھ سے کابینی وزیر بلرام یادو کو ایس پی کا امیدوار بنایا جائے گا جہاں مسلمانوں اور یادو طبقہ کی قابل لحاظ آبادی ہے۔
حلقہ لوک سبھا سے ملائم سنگھ یادو کی امیدواری کی پہلے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں لیکن ایک سینئر لیڈر شیوپال یادو نے قبل ازیں ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی کوئی تجویز نہیں ہے۔ 2009 ء کے انتخابات میں ملائم نے حلقہ مین پوری سے ایک لاکھ 60 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کے رما کانت یادو حلقہ اعظم گڑھ سے 50,000 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب ہوئے تھے۔ ایس پی کے امیدوار درگا پرساد یادو تیسرے اور بی ایس پی کے اکبر احمد ڈمپی چوتھے مقام پر رہے تھے۔