مقفل مکان میں سرقہ کی واردات

یلاریڈی۔ یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے علاقہ گوپال پیٹ میں مقفل مکان میں نامعلوم افراد نے قفل شکنی کرتے ہوئے سرقہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گوپال پیٹ کے سائی نگر کالونی میں مقیم خاتون حنیفہ کے مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی۔ حنیفہ کا شوہر کچھ عرصہ سے دوبئی میں مقیم ہے اور دیڑھ ماہ قبل شوہر علیم گھر آکر واپس دوبئی چلاگیا۔ حنیفہ اپنے پڑوس میں موجود رشتہ داروں کے گھر میں محو خواب تھی کہ اس موقع پر نامعلوم سارقوں نے گھر کے قفل کو توڑ کر گھر میں داخل ہوکرالماری سے چار تولہ سونے کے زیورات اور کچھ نقد رقم اڑالے گئے۔ پولیس میں سرقہ کی شکایت پر کرائم کنٹرول سیکشن سب انسپکٹر یادگیری نے اپنی ٹیم کے ساتھ مقام واردات پہنچ کر سرقہ کی تفصیلات حاصل کی۔ یلاریڈی سرکل انسپکٹر مسٹر سدھاکر نے بھی معائنہ کیا اور بہت جلد سارقوں کی تلاش کرنے اور گرفتار کرنے کی بات کہی۔ اس موقع پر اے ایس آئی راجیا، کانسٹبل نرسیا، ساینا، رمیش، بھدرا موجود تھے۔

 

کلواکرتی میں راشن چاول کے 432 تھیلے ضبط
کلواکرتی۔یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی دیوی رائس مل پر انفورسمنٹ عہدیداروں نے خفیہ اطلاع پر دھاوا کرتے ہوئے راشن کے غیر قانونی جمع شدہ 432 چاول کے تھیلے ضبط کئے جبکہ عہدیداروں کے آنے سے قبل ایک لاری جس کا نمبر AP07-5588 ہے جس میں 200تھیلے لاد کر منتقل کئے جارہے تھے اور بقیہ تھیلے گودام میں جمع تھے جنہیں ضبط کرلیا جاکر مل کو سیز کردیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں ٹاسک فورس سیول سپلائیز او ایس ڈی وشواناتھ کے زیرنگرانی کمال پاشاہ، راملو، وینوگوپال، رام موہن موجود تھے۔ مل کے مالک کشٹیا کے خلاف کیس درج کرنے کی بات کہی گئی۔