مقفل مکان میں بائیک نذر آتش

گیس سلینڈر کے ذریعہ مکان کو تباہ کرنے کی کوشش ناکام
میدک۔/15جنوری،(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میدک ٹاؤن کے محلہ بارہ امام کے قریب واقع علاقہ ساگوال پٹی کا ایک مکان جو مقفل تھا نامعلوم افراد نے ایک لاکھ 20ہزار مالیت کی بائیک کو آگ لگادی اور کچن روم میں موجود گیس سلنڈر کے پائپ کو کٹ کرکے مکان کو مکمل طور پر جلادینے کی ناکام کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسٹر ایم اے غنی کمپیوٹر آپریٹر محکمہ جنگلات اپنے ارکان خاندان کے ساتھ میدک کے وڈیارم توپران کے درمیان واقع عارف نگر کی درگاہ کی زیارت کیلئے 14جنوری کو گئے ہوئے تھے اسی شب کو چند نامعلوم افراد نے مقفل مکان کی قفل شکنی کرتے ہوئے یہ کارروائی انجام دی۔ پڑوسیوں کو آگ لگنے کی خبر ہونے پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی اور فائر بریگیڈ آنے تک مکان کو جلنے سے بچالیا گیا لیکن بائیک مکمل طور پر جل گئی۔ مکینوں کو اس بات کی اطلاع دینے پر وہ درگاہ شریف سے میدک واپس ہوگئے۔

اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس مسٹر راج شیکھر نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔ سرکل انسپکٹر وجئے کمار نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ یہ مکان کانگریس پارٹی کے سینئر قائد سابق جوائنٹ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر معین الدین کے برادر نسبتی کا ہے۔ سابق ایم ایل اے ترجمان ضلع کانگریس مسٹر پی ششی دھر ریڈی نے بھی جناب معین الدین کے ساتھ مکان کا معائنہ کیا۔

صدر مجلس تانڈور گرفتار
تانڈور۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) عبدالہادی شیری صدر مجلس تانڈور کو پولیس نے گرفتار کرکے عدالت سے ریمانڈ حاصل کرلیا اور پرگی جیل منتقل کردیا۔ محمد اسمعیل ڈی ایس پی کے بموجب عبدالہادی شیری پر الزام ہے کہ وہ رئیل اسٹیٹ تاجر مجیب خاں کے قتل کا منصوبہ بنارہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری احکام کے مطابق صدر مجلس تانڈور کو شہر تانڈور میں داخلہ ممنوع کردیا گیا ہے۔ حکام کی اطلاع کے بغیر سب ڈیویژن پولیس علاقہ میں داخل نہیں ہوسکتے۔

جہیز ہراسانی کیس میں
پانچ افراد کا ریمانڈ
یلاریڈی۔/15جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مزید جہیز کیلئے ہراساں کررہے کیس میں چار افراد کو گرفتار کرکے ریمانڈ کیلئے بھیج دیا گیا۔ سب انسپکٹر یلا ریڈی مسٹر راج شیکھر کی تفصیلات کے مطابق یلاریڈی مستقر سے تعلق رکھنے والی نوانیتا کی شادی میدک ضلع سے تعلق رکھنے والے گوپال کے ساتھ انجام پائی تھی کچھ دنوں سے نوانیتا کو شوہر کے ساتھ ساتھ دیور سنگمیشور، انجیا، ساس پاپووا، مزید جہیز کیلئے ہراساں کرنے کی شکایت پر پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی۔ منڈل کے دیون پلی سے تعلق رکھنے والی سویتا کی اسی موضع کے الوری کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔ چند دنوں سے شوہر مزید جہیز لانے کیلئے ہراساں کرنے پر سویتا نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ جس پر پولیس نے ان دو کیسوں میں پانچ افراد کو گرفتار کرکے ریمانڈ کیلئے بھیج دیا۔