مقدمات کی یکسوئی اور انصاف رسانی میں وکلاء کا اہم رول

کریم نگر میں اے سی بی عدالت کی افتتاحی تقریب سے جسٹس آکولا وینکٹ کا خطاب
کریم نگر /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی جلد یکسوئی میں وکلاء برادری کی ذمہ دارانہ کار کردگی اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ عدالتوں سے رجوع ہونے والے افراد کو انصاف رسانی کے لئے وکلاء کو ایک کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔ کریم نگر کی ضلع عدالت کے احاطہ میں نو تعمیر شدہ چوتھے عدالت بھون کا افتتاح کرنے کے بعد ہائی کورٹ جج جسٹس آکولا وینکٹ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کریم نگر کی سرزمین سے کئی دانشور اور سیاست داں پیدا ہوئے۔ ملک کی خدمت کے لئے ضلع کریم نگر کی سرزمین نے بڑے بڑے دانشور دیئے ہیں۔ تلگو تاریخ کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ نرسمہا راؤ، سی نارائن ریڈی، اکم راجنا جیسے کئی نامور اور قابل ہستیاں ملک میں نام پیدا کرچکے ہیں۔ ضلع جج نوین راؤ کو ہائی کورٹ جج کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ جونیر وکلاء اپنی بہتر خدمات اور بہتر انصاف رسانی کے ذریعہ جلد ترقی کرتے ہوئے اپنا مستقبل تابناک بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سینئر وکلاء کو جونیر وکلاء کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرنا چاہئے، جب کہ سینئر وکلاء پیشہ وکالت اور اس کی ترقی کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انھوں نے مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انگریزی زبان سے کہیں زیادہ مادری زبان اہمیت رکھتی ہے۔ ہائی کورٹ جج جسٹس نوین راؤ نے بتایا کہ ضلع عدالت کے احاطہ میں اے سی بی کورٹ کے قیام سے اضلاع کے عوام کو مقدمات کی یکسوئی کے لئے سہولت فراہم ہوگی اور اس کے قیام سے اضلاع کے عوام کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوئی ہے۔ ضلع جج ضلع میں اے سی بی عدالت کے قیام پر جسٹس نوین راؤ اور ایم پی ونود کمار کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن بار کونسل کے لکشمن کمار، صدر بار اسوسی ایشن مدھو سدن ریڈی، جنرل سکریٹری رگھونند راؤ، ضلع کلکٹر نیتو پرساد، وکلاء، بار اسوسی ایشن کے ارکان اور دیگر بھی موجود تھے۔