نئی دہلی۔/2جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) گلگت اور بلتستان میں 8جون کے مجوزہ انتخابات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان نے آج کہا کہ اس علاقہ میں زبردستی اور غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے پاکستان کی یہ ایک گھناؤنی کوشش ہے۔ یہ علاقہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ وزارت خارجہ میں سرکاری ترجمان وکاس سروپ نے علاقائی عوام کے سیاسی حقوق سے انکار اور ان علاقوں کے انضمام کیلئے پاکستان کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کا موقف واضح ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر بشمول گلگت اور بلتستان ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور گلگت امپاورمنٹ اینڈ سیلف گورنمنٹ آرڈر کے تحت 8جون کے انتخابات دراصل ان علاقوں پر زبردستی اور غیر قانونی قبضہ کی پردہ پوشی کی ایک دانستہ کوشش ہے۔ سرکاری ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے مقامی عوام کو سیاسی حقوق سے محروم کردیئے جانے اور ان علاقوں کو ضم کرلینے کی مسلسل کوششیں تشویشناک ہیں۔ اس کے برخلاف پاکستان کے وفاقی وزیر گلگت اور بلتستان پر حکمران ہیں۔ انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ پاکستان کی مقبوضہ پالیسیوں کے باعث وہاں پر مسلسل تشدد اور دہشت گردی اور معاشی مشکلات سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔