مقابلے کے دوران شرط لگانے پر خاتون کرکٹر پر پابندی

سڈنی ۔ 4فروری (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ آسٹریلیا نے شرطیں لگانے پر خاتون کرکٹر پیپا کلیری کو بطور سزا چھ ماہ کی پابندی کا پروانہ تھما دیا ہے۔ مغربی آسٹریلیا کی خاتون کرکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے نومبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوئے تاریخی پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ میں شرطیں لگائیں ، کھلاڑی پر الزام ثابت ہونے کے بعد آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے ان پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں شرطیں لگانا منع ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

لقمان اور زبیر کا شاندار مظاہرہ
حیدرآباد۔4فبروری ( راست) بوائز ٹاؤن کے سید لقمان زبیر نے 83رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 237رنز میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ وجئے ہنومان ٹیم کو 131رنز پر ڈھیر کرنے میں شریف زبیر نے 7وکٹیں لیکر نمایاں مظاہرہ کیا ۔ قبل ازیں سوٹن کے خلاف بھی کھیلے گئے مقابلہ میں شریف زبیر نے 8وکٹیں حاصل کی تھی ۔