مفت داخلے کے اعلان کے باوجود میدان خالی

ابو ظہبی ۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ابوظہبی میں کھیلوں کے فروغ اور زیادہ تعداد میں شائقین کوٹسٹ مقابلوں میں اسٹیڈیم میں لانے کی غرض سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹسٹ میچ کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کردیا گیا ہے لیکن اسکے باوجود پہلے دن پاکستان کی بیٹنگ دیکھنے کیلئے میدان میں شائقین کی تعداد کافی کم تھی ۔آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کی چوتھی اننگز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 140اوورز بیٹنگ کر کے میچ ڈرا کردیا تھا جس کے بعد امید کی جارہی تھی کے مفت داخلے کی وجہ میدان میں شائقین کی اچھی تعداد آئے گی۔ ابوظہبی کرکٹ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر میٹ باؤچر نے کہا کہ عوام کو مفت داخلہ دینے کا فیصلہ شہر میں کھیلوں کے فروغ کے ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے وژن کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں مختلف ثقافتوں کے لوگ اسٹیڈیم میں آ کر کرکٹ سے لطف اندوز ہوں اور ٹسٹ میچ میں لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد یقینی بنانے کے لیے ابوظہبی کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر یہ قدم اٹھایا ہے۔یہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2014 کے بعد ابوظہبی کے شیخ زائد اسٹیڈیم میں پہلا بین الاقوامی میچ ہے۔ٹسٹ میچ کے بعد عالمی نمبر ایک پاکستان اور عالمی نمبر تین آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کے بعد پاکستان مکمل سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔