فلسطین کے حالات نہایت سنگین ، دورہ حیدرآباد ملتوی
جناب سید وقار الدین سے سفیر فلسطین کا ربط
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے زیر اہتمام 23 فروری کو جوبلی ہال باغ عامہ نامپلی اور 25 فروری کو نظام آباد میں منعقد شدنی جلسہ عام ملتوی کردئیے گئے ہیں ۔ فلسطین کے حالات اچانک انتہائی کشیدہ اور سنگین صورتحال اختیار کر گئے ہیں جس کے پیش نظر مفتی اعظم فلسطین محمد اے ایم حسین شہر سے باہر نکل نہیں پا رہے ہیں ۔ چنانچہ 21 فروری کو ساڑھے گیارہ بجے دن صدر نشین انڈو عرب لیگ جناب سید وقار الدین کو سفیر فلسطین حسن صادق عدلی شعبان نے جو فلسطین کے اچانک کشیدہ حالات اور مفتی اعظم فلسطین کے دورہ ہند حیدرآباد کے التواء سے انتہائی مغموم تھے بذریعہ فون اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ معذرت کا اظہار کیا اور بتایا کہ اسرائیلی انتہا پسند مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہو کر حملہ آور ہوگئے جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ۔ انہوں نے حیدرآباد و نظام آباد کے عوام سے معذرت خواہی کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ فلسطین کو جلسہ کے ملتوی کیے جانے پر انتہائی افسوس ہے انہوں نے کہا کہ عنقریب نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔
انڈو عرب لیگ فلسطین میں جاریہ انتہائی سنگین صورتحال کی پر زور مذمت کرتا ہے اور افسوس کے ساتھ جلسہ کو ملتوی کیا جارہا ہے ۔ جناب سید وقار الدین نے کہا کہ مفتی اعظم فلسطین کو شہر سے باہر نکلنے نہ دینے جیسے حالات کو اسرائیلی سازش قرار دیا ۔ جو فلسطین کی آزادی اور بازیابی بیت المقدس سے تعلق رکھتی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ فلسطینی قائدین کو ان کے ہی گھروں میں قید و بند کے لیے مجبور کردینے کی کوششوں کے باوجود انڈو عرب لیگ فلسطینی عوام کی آواز بن کر ان کے پیام کو اقتدار کے ایوانوں تک پہونچائے گا اور بازیابی بیت المقدس اور آزادی فلسطین تک فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا ۔۔