مفاہمتی مذاکرات محفوظ مقام پر کئے جائیں: یمنی صدر

صنعاء ۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے ملک کو درپیش بحران کے خاتمے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے کچھ شرائط عاید کی ہیں۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ مفاہمتی بات چیت کا عمل صنعاء کے بجائے کسی دوسرے محفوظ مقام پر آگے بڑھایا جائے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق صنعاء میں سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کا ایک اور دور بھی کیا۔ مذاکراتی وفد میں شامل ایک ذریعے نے ‘العربیہ’ کو بتایا کہ صنعاء سے عدن چلے جانے والے صدر ھادی نے اقوام متحدہ کے مندوب جمال بن عمرسے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر ھادی نے یو این مندوب کو یقین دلایا ہے کہ وہ یمن کو بحران سے نکالنے کے لیے خلیج تعاون کونسل جی سی سی کے وضع کردہ فارمولے پر عمل درآمد پر تیار ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مذاکراتی اجلاس کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔صدر ھادی نے سلامتی کونسل کی جانب سے یمن کی صورت حال پر تشویش اور مسئلے کے حل میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کا خیر مقدم کیا۔ادھر جنوبی یمن کے شہر عدن پہنچنے کے بعد صدر عبد ربہ منصور ھادی نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔