نظام آباد:26؍ مارچ( محمد جاوید علی) ملک معتصم خان ریاستی صدر خطاب نے ویلفیر پارٹی آف انڈیا نظام آباد کے انتخابی جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا کہ میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے انتخابات کے پیش نظر عوام کو چاہئے کہ وہ مخلص ، فرض شناس، تعلیم یافتہ اور عوامی خدمات سے دلچسپی رکھنے و الے امیدواروں کو ووٹ دیں اور شہری ترقی کے ضمن میں اپنے شعور کا ثبوت بہم پہنچاتے ہوئے سماج کو پاکیزہ بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ ویلفیر پارٹی آف انڈیا عوامی خدمات کے میدان عمل میں مخلص اور حرکیاتی قیادت کو آگے بڑھنا چاہتی ہے ۔ بلدی انتخابات میں ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے 6امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انہوںنے پارٹی نے مرکزی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ثناء اللہ خان ڈیویژن 29،محسن خان 28، عبدالمقیت سابق کارپوریٹر32،عمر حیات خان 21، عبدالغنی 20 اور سلطانہ بیگم ڈیویژن 35کو بھاری اکثریت سے منتخب کرتے ہوئے بلدی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں اپنا فرض اد اکرنے پر زور دیا۔ ڈاکٹر تسلیم رحمانی (لکھنو) نیشنل سکریٹری نے شہری ترقی کے سلسلہ میں بلدی انتخابات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے کہاکہ سارے ملک میں 1200سے زائد سیاسی جماعتیں موجود ہیں۔ لیکن ویلفیر پارٹی آف انڈیا محض تمام جماعتوں میں ایک جماعت کے اضافے کے مترادف نہیں ہے بلکہ ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے آنے والے دنوں میں رول کے بارے میں کہاکہ ان کی پارٹی آنے والے پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی۔ جس میں تعلیم یافتہ، نیک کردار شخصیتوں کو ٹکٹ دیاجائے گا۔ ڈاکٹر تسلیم رحمانی نے کہاکہ ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں عوام مختلف سیاسی پارٹیوں کی مفاد پرست سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں۔ فسطائیت، رجعت پسندی، فرقہ واریت کے خلاف بلالحاظ مذہب وملت عوام میں شعور بیدا رکرنے کیلئے ویلفیرپارٹی آف انڈیا موثر رول انجام دے گی۔ انور خان صدر ضلع ویلفیرپارٹی نے کہاکہ بلدی انتخابات میں ویلفیرپارٹی آف انڈیا کے امیدواروں کے متعلقہ حلقہ جات میں
انتخابی مہم میں انہیں عوام کا تعاون حاصل رہا بالخصوص تعلیم یافتہ حلقوں، طلباء ونوجوانوں نے بلدی انتخابات میں ویلفیر پارٹی کے نئے چہروں سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے کا تیقن دیا ہے ۔ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے تمام 6امیدوارالیکشن میں نمایاں کا میابی حاصل کریں گے اورعوام کی توقعات کو پورا کریں گے ۔ محمد انورخان نے کہاکہ وہ چھ مسلم حلقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے رائے دہندگان سے فرداً فرداً ملاقاتیں کی اس دوران بلالحاظ تمام افراد نے ویلفیر پارٹی کے نمائندوں کو قبول کیا اور کہاکہ سرکاری اسکیمات سے استفادہ اٹھانے اور سرکاری پروگرام کو عوام کی دہلیز پر لانے کیلئے کارپوریشن میں باصلاحیت افراد کو پہنچانے کا ویلفیر پارٹی کا اقدام قابل ستائش ہے ۔ ضلع صدر نے کہاکہ موقع پرستی کی سیاست سے بیزار دیگر سیاسی جماعتوں کے نوجوان سیاست داں ویلفیر پارٹی میں شمولیت کرتے ہوئے انتخابی میدان میں سرگرم ہیں ۔شیخ مجاہد ٹائون صدر نے عوام سے اپیل کی کہ 30؍مارچ کی صبح زیادہ سے زیادہ پولنگ میں حصہ لیں اور ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں تاکہ انقلاب کی پہل ہوسکے۔ رائے دہندگان کی کثیر تعداد پروگرام میں شریک تھی۔