سائبر آباد پولیس اور مائیلار دیو پولیس کی بروقت کارروائی
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے کمسن لڑکے کے اغوا کا معاملہ اندرون 4 گھنٹے حل کرتے ہوئے پریشان حال خاتون کو راحت فراہم کی اور دو اغوا کاروں کو جن کا تعلق شمالی ہند کی ریاست اتر پردیش سے ہے گرفتار کرلیا جو آپس میں حقیقی بھائی بتائے گئے ہیں، جنہوں نے محض 15 ہزار کی خاطر لڑکے کا اغوا کرلیا ۔ میلاردیو پلی پولیس نے اطلاع کے ساتھ ہی چوکسی اختیار کرتے ہوئے لڑکے کو اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرالیااور انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق معاملہ نادانی کا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کاٹے دھن علاقہ کی ساکن رکمنی دیوی کے 12سالہ لڑکے کا کاٹے دھن علاقہ کے ساکن دو بھائیوں سونو عرف مہنت یادو اور مہندریادو نے اغواء کیا۔ رکمنی دیوی دو سال قبل زندگی گذر بسر کیلئے حیدرآباد آئی تھی اور کاٹے دھن میں رہنے لگی تھی یہ دو بھائی بابل ریڈی نگر میں رہتے تھے جو اتر پردیش سے گذر بسر کیلئے آئے تھے اور یہاں مزدوری کررہے تھے۔دونوں نے پیسوں کی خاطر راکیش ورما کا اسکول واقع کاٹے دھن سے اغوا کیا۔ شکایت کے بعد پولیس کی تین خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا۔ پولیس نے اغوا کاروں کو سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا اور لڑکے کو اس کی والدہ کے حوالے کردیا۔