مغویہ کمسن زخمی حالت میں دستیاب

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) دو دن قبل اغوا ہونے والا چار سالہ کمسن ماسٹر محمد ریحان میرپیٹ علاقہ میں آج دستیاب ہوا۔ پولیس کے بموجب بھوانی نگر پولیس نے 2 مارچ کو شاہین بیگم زوجہ محمد چاند پاشاہ ساکن دکن ہوٹل مراد محل نے پولیس میں ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ ان کے کمسن لڑکے محمد ریحان کا نامعلوم افراد نے اسوقت اغوا کرلیا جب وہ اپنے مکان کے قریب کھیل رہا تھا۔ شاہین بیگم نے ریحان کا پتہ لگانے کی کوشش کی اور اس سلسلہ میں اطراف واکناف کے علاقوں میں بھی اس کی تلاش کی لیکن اس کا پتہ نہ چل سکا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد ریحان زخمی حالت میں آج میرپیٹ تالاب کے قریب دستیاب ہوا اور کمسن کو دیکھ کر مقامی عوام نے پولیس کو اطلاع دی۔ جس کے نتیجہ میں اسے فوری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ بھوانی نگر پولیس نے بتایا کہ کمسن لڑکے کا اغوا کیا گیا تھا اور اسے تالاب کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس ایک آیا پر شبہ کررہی ہے جس نے ریحان کا اغوا کیا تھا۔