حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) نلہ کنٹہ علاقہ سے مغویہ پانچ سالہ کمسن لڑکی آج کشائی گوڑہ علاقہ میں دستیاب ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ممتا جسے نلہ کنٹہ میں نامعلوم خاتون نے اغوا کرلیا تھا، جس کے نتیجہ میں پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اغوا کنندہ خاتون کی تلاش شروع کردی تھی۔ اخبارات اور ٹی وی چیانلس میں اغوا کے دوران قید کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کا مسلسل ٹیلی کاسٹ کئے جانے پر ممتا کو اغوا کنندہ خاتون نے کشائی گوڑہ اے ایس راؤ نگر میں واقع سدھیر کالج میں چھوڑ کر فرار ہوگئی۔ نلہ کنٹہ انسپکٹر مسٹروی جئے پال ریڈی نے بتایا کہ ممتا کو اغوا کرنے کے بعد اس کی شناخت تبدیل کرنے کی غرض سے اس کے بال کٹوادیئے اور نئے کپڑے پہناکر ہاتھ اور پیر کے ناخنوں کو نیل پالش لگائی گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ممتا کو خاتون اغوا کنندہ نے جوس سنٹر پر جوس پلا رہی تھی کہ مقامی افراد نے لڑکی کی شناخت کرتے ہوئے اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ وہاں سے فرار ہوگئی۔ نلہ کنٹہ پولیس نے لڑکی سے اغوا کنندہ خاتون سے متعلق تفصیلات حاصل کی ہے اور اس کی تلاش شروع کردی۔