مغویہ نومولود بچی بیدر سے برآمد

پولیس تعاقب کے نتیجہ میں اغواء کار خاتون بچی کو چھوڑ کر فرار
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) سلطان بازار کوٹھی میٹرنٹی ہاسپٹل سے اغواء ہونے والی نومولود بچی کا پولیس نے کامیاب طور پر پتہ لگاتے ہوئے اُسے کرناٹک کے ضلع بیدر میں برآمد کرلیا۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں کی جانب سے اغواء کنندہ خاتون کے تعاقب کے نتیجے میں خاتون بچی کو بیدر کے سرکاری اسپتال میں چھوڑنے پر مجبور ہوگئی۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سلطان بازار ڈاکٹر ایم چیتنا نے بچی کی موجودگی پر وہاں پہونچ کر اُسے حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ ضلع رنگاریڈی منچال منڈل یلماں تانڈہ سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ پی وجیا کی 6 دن کی نومولود بچی کا نامعلوم خاتون نے ٹیکہ دلانے کے بہانے اغواء کرلیا تھا۔ پولیس نے خاتون کی نقل و حرکت کا سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ پتہ لگاتے ہوئے اُسے بیدر کی بس میں سوار ہوتے ہوئے پایا اور پولیس کی 7 خصوصی ٹیمیں اُس کی گرفتاری کے لئے روانہ کردی گئی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ مغویہ بچی محفوظ ہے اور اُسے بیدر کے سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اے سی پی سلطان بازار کی زیرنگرانی شہر حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اغواء کنندہ خاتون کے سی سی ٹی وی کے ذریعہ حاصل کئے گئے تصاویر اور ویڈیو کی مدد سے اُس کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں ہنوز بیدر میں موجود ہیں۔