مغویہ شخص کی رہائی پر پولیس ملازمین کو انعام

حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) حمایت نگر کے تاجر کے اغواء کو ناکام بناتے ہوئے اغواء کاروں کو گرفتار کرنے والے معین آباد پولیس ملازمین کو کمشنر نے انعام دیا ۔ یاد رہے کہ اس کیس کی کامیابی کا سہرہ حیدرآباد کی نارائن گوڑہ پولیس اپنے سر لے رہی ہے ۔ جبکہ کیس کو حل کرنے اور فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے اغواء کاروں کو گرفتار کرنے کا سہرہ معین آباد پولیس اپنے سر باندھ رہی ہے ۔ اس خصوص میں آج سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے معین آباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹیبل بی چندرا شیکھر اور ہوم گارڈ ستیا ، سائبر کنٹرول کے کانسٹیبل نرنجن اور رمیش گوڑ کو ان کی بہترین خدمات کے عوض نقد رقم کے انعام فراہم کئے ۔ ریاست کرناٹک کے علاقہ یادگیر سے تعلق رکھنے والی اغواء کاروں کی ٹولی کے ارکان سلیم ، فخرالدین ، جاوید اور ویریندر کمار کو گرفتار کرلیا تھا اور ان کے قبضہ سے حمایت نگر نارائن گوڑہ کے ساکن سید کلیم وسیم جو اسکراپ کا تاجر تھا انہیں آزاد کرالیا تھا ۔

کار پینٹر کی کام کے دوران زخمی حالت میں موت
حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ گوپال پورم میں ایک کار پینٹر کام کے دوران زخمی حالت میں فوت ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 42 سالہ بی ملیش جو پیشہ سے کار پینٹر تھا ۔ اسٹیشن نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ ملیش گذشتہ روز اپنے ساتھیوں راجیو اور ستیہ نارائنا کے ہمراہ کام پر گیا تھا اور گوپال پورم کے علاقہ میں میں واقعہ ایک لاج میں کام کر رہا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملیش کو لکڑی کاٹنے کی مشین کا استعمال نہیں آتا تھا اور اس کام کے نگرانکار نے اس سے زبردستی لکڑی کاٹنے کی مشین سے کام کروا یا ۔ اسی دوران ملیش کا بائیاں پیر مکمل طور پر کٹ گیا اور وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران یہ شخص فوت ہوگیا ۔ گوپال پورم پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔