مغربی بنگال پنچایت انتخابات پرتشدد ، 7 ہلاک

کلکتہ۔ 14 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال پنچایت انتخابات کیلئے جاری پولنگ میں اب تک 7افراد کے مرنے کی خبر ہے تاہم ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ تشدد کے ایک دو واقعات کو چھوڑ کر پرامن ماحول میں پولنگ جاری ہے۔ تاہم ریاست کے مختلف اضلاع سے تشدد اور بوتھ پر قبضہ کرنے کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ 1:00بجے تک 41.51فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ ریاست بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔اڑیسہ ، آندھرا پردیش ، تلنگانہ اور آسام سے 1500 سیکورٹی عملہ کو بنگال میں تعینات کیا گیا ہے ۔ جب کہ ریاست کی 58,000سیکورٹی عملہ اس وقت انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ہیں ۔ مرشدآباد میں ترنمول کانگریس اور کانگریس کے ورکروں کے درمیا ن جھڑپ کی خبر اور ایک تالاب سے بیلٹ بکس بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ سی پی ایم کے سیکریٹری جنرل سیتارام یچوری نے کہا کہ بنگال میں پنچایت انتخابات کی ذمہ داری ادا کرنے والی ریاستی الیکشن کمیشن مکمل طور پر ترنمول کانگریس کے اشارے پر کام کررہی ہے اور جمہوریت کو مکمل طریقے سے ختم کردیا گیا ہے ۔ اگر یہی جاری رہا تو عوام کا سیاست سے بھروسہ ختم ہوجائے گا۔دوسری جانب ترنمول کانگریس نے کئی سرحد ی اضلاع میں بی ایس ایف کی موجودگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کیلئے بی ایس ایف کام کررہی ہے ۔ترنمول کانگریس نے کہا کہ بی ایس ایف آخر کار جنوبی دیناج پوراور دیگر سرحدی اضلاع میں پنچایت انتخابات کے عمل میں مداخلت کیوں کررہی ہیں ۔کیا بی ایس ایف بی جے پی کی ملازم ہے جو بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ڈیریک اوبرائن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک نیوز ایجنسی پنچایت انتخابات کولے کر افواہ پھیلارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ میڈیا ہاؤسیس پنچایت انتخابات میں تشدد کو لے کر افواہ پھیلارہی ہے۔ یہ میڈیا ہاؤسیس دلی میں بیٹھے اپنے آقاؤں کے اشارے پر یہ سب کررہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ بی جے پی اور سی پی ایم ماؤنوازوں سے مل کر ترنمول کانگریس کے ورکروں پر حملہ کررہی ہے ۔ شمالی 24پرگنہ میں بم لگنے سے ترنمو ل کانگریس کے ایک ورکر کی موت ہوگئی ہے جب کہ سی پی ایم نے دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والا ان کی پارٹی کا ورکر ہے۔اس حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں ۔جنوبی 24پرگنہ میں ترنمول کانگریس کو گولی مارکر ہلاک کردیا ہے ۔مرشدآباد میں بی جے پی ورکر کو ہلاک کردیا ہے ۔جب کہ سی پی ایم کے ایک ورکر کو کل رات جلاکر ماردیا گیا ہے ۔ ترنمول کانگریس کے سکریٹری جنرل پارتھو چٹرجی نے کہا کہ پولنگ کے دوران تشدد کے کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ چوکس ہے اور پوری مستعدی سے کام کررہی ہے ۔پارتھو چٹرجی نے صحافیوں پرحملے کی شدید مذمت کی ہے۔مغربی بنگال کی اپوزیشن پارٹیوں نے ریاستی الیکشن کمیشن پر دیہی انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں منعقد کرنے سے قاصر رہنے پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور برسراقتدار ترنمول کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اس نے انتخابات کے دوران دہشت گردی کو بے لگام چھوڑ دیا تھا جس کی وجہ سے آج رائے دہی کے دوران کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ ترنمول کانگریس نے اس الزام کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔ مرکزی وزیر بی جے پی قائد راہول سپریو نے بھی تنقید کی۔