مغربی بنگال میں 90 فیصد عوام کو غذائی سلامتی: ممتا

کولکاتا 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہاکہ اُن کی حکومت ریاست میں ایک اسکیم کے تحت 90 فیصد عوام کو غذائی سلامتی فراہم کررہی ہے۔ اِس اسکیم کے تحت غذائی اجناس دو روپئے فی کیلو گرام یا مارکٹ کی قیمت کے نصف پر استفادہ کنندگان کو دیئے جاتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی کہاکہ ماؤسٹ سرگرمیوں سے شدید متاثر رہنے والے جنگل محل کے عوام کو خصوصی اعانت بھی دی جارہی ہے۔ یہ اعانت پہاڑی علاقوں اور سائیکلون ایلا سے متاثرہ خطہ اور سنگور کو بھی دی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ 1959 ء کھادیا آندولن (غذائی تحریک) کے شہیدوں کو وہ خراج پیش کرتی ہیں۔ بنگال میں ہم ریاست کے عوام کے 90 فیصد حصے (8.59 کروڑ) کو غذائی سلامتی فراہم کرتے ہیں جو کھادیا ساتھی اسکیم کے ذریعہ کیا جاتا ہے جس کے تحت استفادہ کنندگان کو غذائی اجناس دو روپئے فی کیلو گرام یا مارکٹ کی قیمت کے مقابل نصف میں فراہم کئے جاتے ہیں۔ ہم پی ڈی ایس کے ذریعہ چاول اور گیہوں بھی چائے کے باغات والے ورکرس کی فیملیوں کو فراہم کرتے ہیں اور شمالی بنگال میں ٹوٹو قبیلے کو بھی یہ چاول اور گیہوں دیئے جاتے ہیں۔