مغربی بنگال میں بی جے پی کارکنوں سے تصادم، 12 ملازمین پولیس زخمی

جنگلاتی گاؤں میں میدان جنگ جیسا منظر، سنگباری میں ایڈیشنل ایس پی کی آنکھ متاثر
جلپائی گوڑی ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے ضلع جلپائی گوڑی کے جنگلاتی علاقہ میں پولیس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان گھمسان لڑائی کے نتیجہ میں بشمول ایک ایڈیشنل ایس پی 12 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے۔ جلپائی گوڑی کے ایس پی امیتابھ مائتی نے کہا کہ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس آنکھ پر پتھر لگنے کے سبب شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔ دھوپ گوڑی پولیس اسٹیشن کے تحت دھوپ جھورہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بی جے پی کے کارکن پڑوسی ضلع کوچ بہار میں اپنی پارٹی کے سینئر قائدین کے جلسہ عام میں شرکت کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ امیتابھ مائتی نے کہاکہ جنگلاتی علاقہ میں واقع ایک گاؤں دھوپ جھورہ کے قریب پولیس نے ایک بی جے پی کارکنوں کو لے جانے والی ایک بس کو روک دیا تھا اور اس میں سوار بی جے پی کارکن بس سے اتر کر پولیس والوں پر پتھر پھینکنا شروع کردیا تھا۔ بی جے پی کارکنوں کی تعداد وہاں موجود پولیس اہلکاروں کی تعداد سے کہیں زیادہ تھی اور ان کی سنگباری کے نتیجہ میں بشمول ایڈیشنل ایس پی تھینڈوپ شیرپا، پولیس کے 12 اہلکار زخمی ہوگئے۔ شیرپا کو آنکھ پر گہرا زخم آیا ہے جنہیں دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے۔ اس میں گھمسان لڑائی کے بعد مقام واقعہ پر ریاپڈ ایکشن فورس کی بھاری جمعتیں تعینات کردی گئی ہیں۔ اس واقعہ میں کئی کاروں اور بسوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔