مغربی بنگال میں آج پہلے مرحلہ کی رائے دہی ۔ وسیع تر انتظامات

مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کی اکثریت بی جے پی سے وابستہ

کولکتہ ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں جو کہ دو مرحلوں میں منعقد ہورہے ہیں پہلے مرحلہ میں ہر پانچ میں سے ایک یعنی 20 فیصد امیدواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں ۔ ویسٹ بنگال الیکشن واچ جو کہ امیدواروں کے داخل کردہ حلفناموں کا تجزیہ کررہی ہے بتایا ہے کہ 17 فیصد امیدواروں کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات بشمول قتل ، عصمت ریزی ، اغواء اور لوٹ مار کے کسیس درج ہیں ۔ ریاست کے جنوبی اور مغربی اضلاع کے 18 حلقوں میں پہلے مرحلہ کے انتخابات یکم اپریل اور 31 حلقوں میں دوسرے مرحلہ کے انتخابات 11 اپریل کو منعقد ہوں گے اور جملہ 49 نشستوں کے لیے 296 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں ۔ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں میں سب سے زیادہ بی جے پی کے 15 امیدوار ہیں ۔ جس کے بعد حکمران ترنمول کانگریس 12، کانگریس 9 اور سی پی ایم کے 4 ہیں ۔ ویسٹ بنگال الیکشن واچ کے رابطہ کار بیلپ حاتم نے بتایا کہ ضلع مغربی مڈناپور میں حلقہ اسمبلی سلونی کے سی پی ایم امیدوار گوبودھن باگدی واحد امیدوار ہیں جن کے خلاف صرف 2 قتل کیس درج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں انتخابی تشدد پر اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں کیوں کہ امیدواروں کی اکثریت مجرمانہ ذہنیت رکھتی ہے تو وہ انتخابات میں جیتنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور مخالفین کو ڈرانے دھمکانے کے لیے تشدد سے بھی کام لے سکتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 یا 8 فیصد امیدواروں کے اثاثہ جات ایک کروڑ سے زائد ہیں اور کروڑ پتی امیدواروں میں ہر 4 میں 3 کا تعلق حکمران ٹی ایم سی سے ہے ۔ ضلع بردوان میں درگا پور ( ایسٹ ) اسمبلی حلقہ کے ٹی ایم سی امیدوار پردیپ کمار مجمدار سب سے زیادہ امیر ہیں جن کے اثاثہ جات 12 کروڑ اور شخصی آمدنی 98 لاکھ ہے ۔ اس فہرست میں دوسرے مقام پر اداکار سوہم چکرورتی ہیں جو کہ ضلع بنکورہ میں برجورہ حلقہ کے امیدوار ہیں انہوں نے اپنے اثاثہ جات کی مالیت 2 کروڑ ہے اور ذاتی آمدنی 98 لاکھ روپئے بتائی ہے ۔ ریاستی وزیر ٹکسٹائیل شیام مکرجی جن سے شاردا اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پوچھ تاچھ کی ہے بنکورہ میں حلقہ بشنو پورہ سے امیر ترین امیدوار ہیں جن کے اثاثہ جات ایک کروڑ روپئے اور 7 لاکھ آمدنی ہے ۔ تاہم مغربی مڈناپور سے SUCI ( کمیونسٹ ) امیدوار تنوشری دیوی سب سے غریب ہیں جنہوں نے اپنے اثاثہ جات کی قیمت 500 روپئے بتائی ہے ۔۔