چندرکماربوس نے ریاستی صدر کے الیکشن کا مطالبہ کیا
کولکتہ۔21 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں دراڑ نظر آرہی ہے۔ بنگال بی جے پی کے لیڈر چندر کمار بوس نے ریاست میں پارٹی کے کام کاج پر سوالات کھڑے کئے ہیں۔ بوس نے سوال کیا ہے کہ ریاستی صدر کے انتخاب کے لیے الیکشن کیوں نہیں ہونا چاہئے۔ بنگال بی جے پی کے نائب صدر چندر کمار بوس نے کہا کہ بی جے پی جمہوریت کے بارے میں بات کرتی ہے اور کہتی ہے کہ بنگال میں برسر اقتدار ٹی ایم سی کے ذریعہ اس کا گلا گھونٹا جارہا ہے، تو ہمیں ریاستی صدر کے لیے الیکشن کیوں نہیں کرنا چاہئے؟ ہمارے صدر دلیپ گھوش کو اس سسوال کا جواب دینا چاہئے۔ بوس نے کہا کہ کانگریس کے برعکس بی جے پی پارٹی میں داخلی جمہوریت میں یقین رکھتی ہے۔ امیت شاہ نے ہمیشہ کہا ہے کہ بی جے پی میں ایک عام کارکن بھی پارٹی صدر یا وزیراعظم بن سکتا ہے، میں بی جے پی کا 2007ء سے تجزیہ کررہا ہوں جب میں فریڈم فائٹرس کے ذریعہ منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے سورت گیا تھا، تو میں بہت متاثر ہوا تھا لیکن جنوری 2016ء میں بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد میں بنگال بی جے پی کے کام کاج سے چونک گیا۔