کولکتہ۔/13نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال اسمبلی میں بی جے پی کے واحد ایم ایل اے شامک بھٹا چاریہ نے آج ایوان سے واک آوٹ کیا کیونکہ اسپیکر بمن بنرجی نے انہیں بربھوم ڈسٹرکٹ میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بحث کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ بھٹا چاریہ کے علاوہ کانگریس کے اسیت مترا اور سی پی آئی( ایم ) کے انیس الرحمان نے پربھوم میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بحث کی اجازت طلب کی تھی لیکن بنرجی نے استدلال پیش کیا کہ اس سلسلہ میں چونکہ تحریک عدم اعتماد پہلے پیش کی جاچکی ہے اور اسے منظور بھی کرلیا گیا ہے لہذا اب بحث اسی روز کی جاسکتی ہے جس دن کیلئے اسے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ سنتے ہی بھٹاچاریہ اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے اور ایوان کے وسط میں پہنچ کر مطالبہ کرنے لگے کہ اسپیکر وضاحت کریں کہ اس موضوع پر فوری طور پر بحث کیوں نہیں کی جاسکتی۔ بعد ازاں وہ ایوان سے ایک دن کیلئے واٹ آؤٹ کرگئے البتہ اس بحث کے دیگر حامی ایم ایل ایز واک آؤٹ میں بھٹاچاریہ کے ساتھ شامل نہیں ہوئے۔