مغربی ایران میں شدید زلزلہ ، 250 افراد زخمی

تہران ، 18 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی ایران کے صوبہ ایلم میں آج 6.1 شدت کا طاقتور زلزلہ محسوس کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 250 افراد زخمی ہوگئے اور متعدد عمارتوں کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، ایرانی ذرائع ابلاغ نے یہ بات بتائی ۔ یو ایس جیوالوجیکل سروے نے اس زلزلے کی شدت کی پیمائش 6.3 کی ہے اور اُس نے کہا کہ یہ شہر ابدابا ن نزد سرحد عراق کے 36 کلومیٹر ( 22 میل ) جنوب مشرق میں محسوس کیا گیا ۔ سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق زلزلہ مور ۔ موری ٹاؤن کے قریب مقامی وقت صبح 7:02 پیش آیا ۔ ریڈ کراس کے عہدیدار نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ خوش قسمتی سے ابھی تک اموات کی کوئی اطلاعات نہیں ہے لیکن بڑے پیمانے پر زخمی ہونے کی خبریں ملی ہیں جو آگے چل کر جانی نقصان میں تبدیل ہونے کا اندیشہ بھی ہے ۔ علاوہ ازیں مالی نقصان بھاری ہوا ہے ۔ اس علاقہ کی کرائسیس کمیٹی کے سربراہ احمد کرامی نے بعد ازاں 250 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ ایران میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں اور 2003ء میں بام میں آنے والے زلزلے میں تقریباً 26 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔