اولڈ ٹریفورڈ۔8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )انگلش آل راؤنڈر معین علی کی شاندار بولنگ کے باعث انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹسٹ میچ میں 177 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔اولڈ ٹریفرڈ میں مقابلہ چوتھے دن ہی ختم ہوگیا، جبکہ جیو روٹ کی قیادت میں یہ پہلی سیریز ہے جو انگلینڈ نے اپنے نام کی۔جنوبی افریقہ کوآخری ٹسٹ میں کامیابی کے لئے 380 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کی پوری ٹیم چوتھے دن چائے کے وقفے کے فوری بعد 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔جنوبی افریقہ کی آخری دونوں وکٹیں معین علی نے دو گیندوں پر مورنے مورکل اور ڈْوانے اولیور کو آؤٹ کرکے حاصل کیں۔اس طرح معین علی نے میچ میں 69 رنز کے عوض 5 جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 25 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ کی یہ 1998 کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹسٹ سیریز میں پہلی کامیابی ہے۔چوتھے دن کھانے کے وقفے تک جنوبی افریقہ کے 40 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ تھے اور ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈوپلیسی کریز پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے 123 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کے اسکور کو 163 پر پہنچایا لیکن پھر ہاشم آملہ 83 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔یہ وہ موقع تھا جب جنوبی افریقہ کے ہاتھ سے میچ نکلنا شروع ہوا اور کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ رْک پایا۔جنوبی افریقہ کی پانچویں اور چھٹی وکٹ 173 پر گری جب کوئنٹن ڈی کوک ایک اور تھونِس ڈی برون صفر پر پویلین لوٹ گئے۔183 کے مجموعی اسکور پر فاف ڈوپلیسی بھی 61 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔کگیسو ربادا ایک جبکہ مورنی مورکل اور ڈْوانے اولیور بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔شاندار مظاہرہ پر معین علی مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کے حقدار قرار پائے۔