کرائسٹ چرچ۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر معین علی کی ریکارڈ 128 رنز کی اننگز کی بدولت تنقیدوں کی زد میں موجود انگلش ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی ہے جیسا کہ گروپ اے کے مقابلے میں اس نے کمزور ٹیم اسکاٹ لینڈ کو 119 رنز سے شکست دی ہے۔ بیٹنگ کے لئے مدعو کئے جانے کے بعد انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا ہے جس میں معین علی نے 107 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 12 چوکوں اور 5 چھکوں کے ذریعہ جارحانہ سنچری اسکور کی اور ساتھی اوپنر ایان بیل (54) کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 172 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جوکہ رواں ورلڈ کپ میں تاحال سب سے بہترین آغاز ہے۔ جوابی اننگز میں اسکاٹ لینڈ 42.2 اوورس میں 184 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی یہ ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی ہے کیونکہ اسے ابتدائی دو مقابلوں میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دو ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں۔ معین علی نے 27 برس بعد نیوزی لینڈ میں بحیثیت انگلش بیٹسمین پہلی سنچری اسکور کی ہے کیونکہ 27 برس قبل نیپیئر میں کرس براڈ نے 106 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد بولنگ کی ذمہ داری بھی بخوبی نبھاتے ہوئے علی نے اپنے 10 اوورس میں 47 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اور اس آل راؤنڈ مظاہرہ پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ علاوہ ازیں فاسٹ بولر اسٹیون فن نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کیلئے کامیاب بولنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ جیمس اینڈرسن نے 30 رنز اور کرس ووکس نے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ 304 رنز کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ 12 ویں اوور میں صرف 54 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی اسے 3 وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔ بعدازاں اوپنر کائل کوٹزر جنہوں نے 84 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کئے اور مڈل آرڈر میں کپتان پرسٹن مومنس (26) اور وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو کراس (23) کے ساتھ ٹیم کو سہارا دینے کی ناکام کوشش کی۔ کائل نے ابتداء ہی سے انگلش بولروں کا پُراعتماد سامنا کیا، لیکن دوسرے سرے سے یکے بعد دیگرے وکٹوں کے زوال نے اسکاٹ لینڈ کو کسی بھی لمحہ مقابلے میں برقرار نہیں رکھا۔ لوور آرڈر میں مجید حق نے 24 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 15 رنز اسکور کئے۔انگلینڈ کیلئے 27 سالہ معین علی کی سنچری اہمیت کی حامل ہے کیونکہ انگلینڈ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف جو ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں، اس میں اوپنرس کا جلد آؤٹ ہونا شامل ہے۔ علی نے اپنے 20 ونڈے میں کریر کی دوسری سنچری اسکور کی ہے، لیکن 35 ویں اوور میں مجید حق جن کے خلاف علی نے شاندار چھکے مارے تھے، انہی کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر فریڈی کولے مان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد گیری بیالنس(10) اور جیو روٹ (1) جلد آؤٹ ہوئے۔