معین علی کی تباہ کن بولنگ‘انگلینڈ266رنز سے فاتح

ساؤتھمپٹن۔31جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) انگلش اسپنر معین علی نے اپنے کریئر کی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 10ٹسٹ اور تقریباً ایک سال بعد پہلی کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا ۔ جیسا کہ یہاں کھیلے گئے تیسرے ٹسٹ میں معین علی نے 67رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 266رنز کی کامیابی اور سیریز کو 1-1سے مساوی کروانے میں اہم رول ادا کیا ۔ ہندوستانی ٹیم جو کہ اس ٹسٹ مقابلہ میں کامیابی کیلئے ریکارڈ 445رنز کا تعاقب کررہی تھی وہ دوسری اننگز میں صرف 178رنز پر ڈھیرہوگئی ۔ تیسرے ٹسٹ کے پانچویں دن انگلینڈ کو کامیابی کیلئے 6وکٹیں درکار تھیں اور مین آف دی میچ جیمس اینڈرسن نے اپنی ٹیم کو ایک بہترین شروعات فراہم کرتے ہوئے سب سے پہلے روہت شرما کو وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر بٹلر کے ہاتھوں ایک شاندار آؤٹ سوئنگ گیند کے ذریعہ پویلین کی راہ دکھائی ۔ شرما نے 28گیندوں میں صرف 6رنز اسکور کئے ۔

بعد ازاں انہوں نے ایسی ہی ایک بہترین گیند پر ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کروایا جو کہ 11گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے صرف 6رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد معین علی نے اپنی جادوئی بولنگ کا مظاہرہ شروع کیا اور 12گیندوں کے دوران انہوں نے رویندرا جڈیجہ ‘ بھونیشور کمار اور محمد سمیع کو آؤٹ کرنے کے بعد پنکچ سنگھ کی شکل میں ٹیم کو آخری وکٹ اور 10ٹسٹوں بعد پہلی کامیابی دلوائی ۔ جڈیجہ43گیندوںم یں دو چوکوں کی مدد سے 15رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ جڈیجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد بھونیشور کمار وکٹ پر پہنچے جنہوں نے اس سیریز میں تاحال 3نصف سنچریاں اسکور کی ہیں لیکن آج وہ معین علی کی گیند پر چکمہ کھاگئے جیسا کہ 4گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے وہ اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ بعد ازاں چار گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد محمد سمیع بھی معین علی کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ پنکچ سنگھ جو کہ اپنے کریئر کا پہلا مقابلہ کھیل رہے تھے انہوں نے 7گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 9رنز اسکور کئے لیکن وہ بھی معین علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔

ایک سرے سے جہاں یکے بعد دیگرے کھلاڑی پویلین کی راہ اختیار کررہے تھے وہیں دوسرے سرے سے اجنکیارہانے نے ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کی جو کہ مقابلے میں ان کی دوسری نصف سنچری ہے ۔ رہانے نے 121گیندوں میں 7چوکوں کی مدد سے 52رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے لئے معین علی نے 24.4اوورس میں 67رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کی ۔ جیمس اینڈرسن نے 24رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جب کہ پہلی اننگز میں انہوں نے 53رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس کامیابی کے ذریعہ انگلینڈ نے پانچ مقابلوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹسٹ 7اگست کو اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہوگا ۔ واضح رہے انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 569/7 رنز بناتے ہوئے اپنی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم نے 330رنز اسکور کئے تھے۔ بعد ازاں انگلینڈ نے 205/4کے بعد ہندوستان کو کامیابی کیلئے 445کا نشانہ دیا تھا ۔