کارڈف۔28اگست ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کے خلاف دوسرے ونڈے میں 133رنز کی شکست پر جھنجھلاہٹ کا شکار انگلش ٹیم کے کپتان الیسٹرکُک نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے کھیل کے معیار کو بلند کریںتاکہ پانچ مقابلوں کی سیریز میں واپسی ہو۔ صوفیا گارڈنس میں مقابلے کے بعداظہار خیال کرتے ہوئے کُک نے کہا کہ اگر ہم اس طرح کا مظاہرہ کریں تو کرکٹ کے مقابلے جیت نہیں پائیں گے۔ بارش سے متاثرہ مقابلے میں انگلینڈ کو کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ پر نظرثانی کرنے کے بعد اسے 47اوورس میں 295رنز کا نشانہ دیا گیا تھا جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم 161رنز پر ڈھیرہوگئی ۔ ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کے خلاف شاندار مظاہرہ کرنے والے آف اسپنر معین علی کو ہندوستان کے خلاف منعقدہ ونڈے مقابلے میں شامل نہیں کیا گیا
اور یہ فیصلہ حیران کن رہا جس پر کُک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معین علی کا قطعی 11کھلاڑیوں سے اخراج ایک سخت فیصلہ تھا ۔ معین علی کے مقام پر جیمس ٹریڈویل کو شامل کیا گیا جنہیں 30سے زائد ونڈے مقابلوں کا تجربہ ہے ۔ تاہم سیریز کے دوران معین علی کی قطعی 11کھلاڑیوں میں شمولیت یقینی ہے ۔ کُک کے قریبی دوست تصور کئے جانے والے سابق اسپنر گرائم سوان نے اپنے حالیہ بیان میںکہا ہے کہ کُک کو ورلڈ کپ کیلئے انگلش ٹیم کے موزوں کپتان نہیں ہیں اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کُک نے کہا کہ وہ گذشتہ ساڑھے تین برس سے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ۔ اس دوران انہوں نے ٹیم کیلئے بہت کچھ کیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کے امکانات روشن ہیں ۔ کُک نے ہندوستانی بیٹسمین رائنا کی شاندار سنچری پر کہا کہ رائنا نے شاندار سنچری کے ذریعہ مقابلے کو اپنی ٹیم کے حق میں کیا ۔