ساوتھمپٹن۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چوتھے ٹسٹ میں انگلینڈ نے ہندوستان کو60 رنز سے شکست دی۔ چوتھے ٹسٹ میچ میں جیت کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے ٹسٹ سیریز پر 3-1 سے ناقابل تسخیر سبقت بھی حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ کی کامیابی میں معین علی کا سب سے اہم رول رہا اور انہوں نے میچ میں 9 وکٹیں لینے کے علاوہ پہلی اننگز میں 40 رن بھی بنائے۔ انگلینڈ کی کامیابی کے بعد اس کے کپتان جیوروٹ نے انتہائی اہم بیان دیا اورکہا کہ معین علی نے آئی پی ایل کے تجربہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساوتھمپٹن میں ہندوستانی ٹیم کی شکست میں اہم رول ادا کیا۔روٹ نے کہا کہ معین علی کی بات کی جائے تو مجھے لگتا ہے کہ ان کا آئی پی ایل کا تجربہ کام آیا ۔ سچ کہوں تو وہ انگلینڈ کی ٹیم کے سب سے اچھے بولر ثابت ہوئے۔ ہمارے فاسٹ بولروں کے پاس بہت زیادہ صلاحتیں موجود ہیں ، پچ پر فاسٹ بولروں نے اسپنروں کیلئے سازگار جگہ تیار کی اور اس ’’رف‘‘ پرگیند پڑنے سے ہمارے اسپینروں نے کافی فائدہ اٹھایا۔ دن کے آخر میں نتیجہ ہمار لئے کافی شاندار رہا۔ کبھی کبھی موسم بھی ساتھ دیتا ہے اور اس میچ میں موسم کا بھی ہمیں ساتھ ملا ہے۔معین علی کی بابت جوروٹ نے کہا کہ معین کافی اہم کھلاڑی ہیں اور وہ ٹیم کو متوازن بناتے ہیں۔ ہم انہیں نمبر 3 پر بیٹنگ کروانے کی سوچ رہے ہیں۔ ہماری ٹیم میںگہرائی بھی ہے اور اس سیریز میں یہ ہماری طاقت رہی ہے۔یاد رہے کہ آئی پی ایل کے 11 ویں سیزن میں معین علی ویراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرس بنگلوروکی جانب سے کھیلے تھے۔حالانکہ معین علی نے آئی پی ایل کے پانچ میچوں میں صرف 3 وکٹیں ہی حاصل کرپائے لیکن اس دوران انہوں نے اپنی آئی پی ایل ٹیم کے کپتان کوہلی سے بہت کچھ سیکھا اور اسی کا فائدہ انہوں نے چوتھے ٹسٹ میں اٹھایا۔