معین علی دورۂ بنگلہ دیش کیلئے تیار

کارڈف ۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش آل راؤنڈر معین علی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے کھلاڑی ہیں جنھوں نے بلاججھک بنگلہ دیش کے دورے کی تصدیق کردی ہے۔ معین علی نے کہا کہ اگر مجھے منتخب کیا گیا تو بنگلہ دیش ضرور جاؤں گا۔بنگلہ دیش میں رواں سال جولائی میں ڈھاکہ کے کیفے پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجہ میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے اکثریت غیرملکیوں کی تھی جنھیں یرغمال بنانے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ بعدازاں دولت اسلامیہ (آئی ایس) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ڈھاکہ حملے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش برف دانی میں پڑگیا تھا تاہم انگلش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی مشیر ریگ ڈیکاسن سمیت سینئر ماہرین پر مشتمل وفد نے ہندوستان اور بنگلہ دیش میں سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔وفد نے انگلش ٹیم کو بنگلہ دیش جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلہ دیشی حکومت نے بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کی ضمانت دی ہے لہٰذا ٹیم کو بھیجا جاسکتا ہے۔جس کے بعد انگلینڈ کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان اینڈریو اسٹراس نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ بنگلہ دیش پرگرام کے مطابق ہو گا، کھلاڑیوں کی حفاظت ہمیشہ ہی ترجیح رہی ہے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنے سیکیورٹی مشیروں کی سفارشات پر مکمل اعتماد ہے۔ معین علی نے کہا کہ میں تمام ترصورت حال سے خوش ہوں اور دورے کے لئے پرامید ہوں، میں وہاں پانچ یا چھ مرتبہ جا چکا ہوں۔میرا خیال ہے کہ آپ آج کل کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں، آپ کہیں بھی کسی بھی وقت محفوظ نہیں رہ سکتے ۔انگلینڈ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ پال فیربریس نے بنگلہ دیش کے دورے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جو 2009 میں سری لنکائی ٹیم کے ساتھ پاکستان میں دہشت گردوں کے حملے کی زد میں آئے تھے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے ونڈے کپتان آیان مورگن نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی کھلاڑی کو بنگلہ دیش جانے پر زور نہیں دیا جائے گا۔برطانوی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق وکٹ کیپر جونی بیئراسٹو نے کہا ہے کہ ان کا فیصلہ صد فی صد نہیں ہواتاہم ریگ کی رپورٹ سے مطمئن ہوں۔ معین علی نے دیگر کھلاڑیوں کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ کسی کو فیصلہ کرنے کے لئے وقت دینے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ ‘یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل ہے یہاں تک کہ میرے لیے بھی مشکل تھا۔ یہ ہر کسی کا ذاتی فیصلہ ہوگا کیونکہ کسی پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 30 ستمبر کو بنگلہ دیش کے دورے پر پہنچے گی جہاں وہ تین وارم اپ میچز، تین ونڈے اور دو ٹسٹ میچز کھیلے گی اور پھر 2 نومبر کو ہندوستان کے دورے کیلئے روانہ ہوگی۔