معین علی تیزی سے اہم اسپنر بن رہے ہیں:کوچ

ساؤتھمپٹن۔2اگست( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو کامیابی دلوانے کے علاوہ اسے سیریز میں 1-1کے ذریعہ واپس لانے میں کلیدی رول ادا کرنے والے اسپنر معین علی کو انگلینڈ کی ٹیم میں بحیثیت بیٹسمین شامل کیا گیا تھا لیکن وہ اہم اسپنر کے طور پر تیزی سے خود کو منوارہے ہیں۔ معین علی نے تیسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 67رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 266رنز سے کامیاب کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے لیکن ٹیم کے کوچ پیٹرمورس کا کہنا ہے کہ معین علی کو ٹیم میں بحیثیت بیٹسمین شامل کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی شاندار بولنگ کے ذریعہ تیزی سے خود کو اہم اسپنر بنالیا ہے ۔

کوچ مورس کے بموجب تیزی سے اسپنر بننے والے معین علی کی کامیابی میں لارڈس ٹسٹ کے بعد اہم کردار ساتھی بیٹسمین این بیل کا بھی ہے جنہوں نے معین علی کی بولنگ پر ستائش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کوچ نے کہا کہ این بیل اسپین کے خلاف کھیلنے والے ایک بہترین بیٹسمین ہیںجنہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی کی بولنگ اور صلاحیتوں کا انہیں بہترین الفاظ میں صلہ دیا اور کہا کہ وہ ایک بہتر اسپنر بھی بن سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں کوچ نے معین علی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آف اسپنر نے تیزی کے ساتھ خودکو اپنے بولنگ رول سے ہم آہنگ کرلیا ۔معین علی نے اپنے خلاف بننے والے رنز پر تیزی سے قابوپاتے ہوئے رن ریٹ کو نہ صرف کم کیا بلکہ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ بھی بڑھا دیا ۔ مورس نے امید ظاہر کی کہ معین علی اس مظاہرہ کے تسلسل کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔