ساوتھمپٹن ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) انگلش ٹیم میں شامل آف اسپنر معین علی اسلامی وضع و قطع کی وجہ سے پہلے ہی کروڑہا کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جبکہ یہاں ساوتھمپٹن میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ کے دوران جب انہوں نے اسرائیل کی بربریت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اپنی کلائی پر بینڈ باندھا تو آئی سی سی نے ان کے خلاف کارروائی کی۔ ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے معین علی نے خود کو ایک بہترین بولر کے طور پر منوایا ہے جس کے بعد مختلف گوشوں سے ان کی ستائش کی جارہی ہے۔ معین علی ایک آل راونڈر ہونے کے علاوہ ملنسار اور رحمدل انسان بھی ہے جو اکثر مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے کارخیر کے کاموں میں اپنا تعاون دیتے ہیں۔ تصویر میں وہ امہ ویلفیر ٹرسٹ کی جانب سے مسلمانوں کو خصوصاً غزہ کے متاثرین کیلئے جمع کئے جانے والے فنڈ میں اپنا تعاون اور لوگوں کو ترجیح دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔